ڈی آئی جی ٹریفک کی تمام اضلاع میں لائسنس چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت
04-01-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام اضلاع میں لائسنس چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ صوبے بھر میں 1 لاکھ 17 ہزار سے زائد بغیر لائسنس ڈرائیورز کے چالان کیے گئے۔ لاہور میں 11 ہزار، فیصل آباد میں 20 ہزار اور راولپنڈی میں 8 ہزار سے زائد افراد گرفتار اور جرمانے کیے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے شہریوں کو خبردار کیا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور قانون کے تحت نہ صرف جرمانہ بلکہ قانونی کارروائی بھی کی جاتی ہے، شہری جرمانوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔