نئے تعلیمی سال کا آغاز، موسم گرما کی چھٹیاں 2 ماہ ہونے کا امکان

04-01-2026

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے زیر انتظام پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں نئے تعلیمی سال کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جبکہ نئے تعلیمی سال میں موسم گرما کی چھٹیاں دو ماہ تک کیے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ رواں سال موسم سرما کی چھٹیاں جنوری میں ہونے کا بھی امکان ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ تعلیمی سال کے دوران طلبہ میں تقریباً 3 کروڑ مفت درسی کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ پہلی سے تیسری جماعت تک کے بچوں کو سو فیصد مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو 80 فیصد مفت کتابیں دی جائیں گی۔ اسی طرح چھٹی سے نہم جماعت تک کے طلبہ کو 50 فیصد مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی جبکہ دہم جماعت کے طلبہ کو بھی سو فیصد مفت کتابیں ملیں گی۔ باقی طلبہ و طالبات کو بک بینک کے ذریعے کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی بھی طالب علم کو کتابوں کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حکام کے مطابق رواں سال سرکاری اسکولوں کے بجلی کے کمرشل ٹیرف میں بھی کمی کیے جانے کا امکان ہے تاکہ اسکولوں کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے اور تعلیمی اداروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔