ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن، 17 کروڑ کرپشن میں ملوث سرکاری افسر گرفتار
04-01-2026
(لاہور نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی مبینہ بدعنوانی میں ملوث سرکاری افسر کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق لاہور میں اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ETPB) کے ڈپٹی سیکرٹری محمد اکرم کو حراست میں لیا، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک شہری سے 200 پلاٹس کی لیز کے عوض 17 کروڑ روپے بطور رشوت وصول کئے۔ حکام کے مطابق ملزم نے رشوت کی رقم سے لاہور کینٹ کے علاقے میں 751 سکوائر یارڈ کا قیمتی پلاٹ بھی حاصل کیا، ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے جعلی سیل ڈیڈ کا سہارا لیا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے، جس میں مزید اہم انکشافات اور ممکنہ گرفتاریاں متوقع ہیں۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔