چینی قونصل جنرل سن یان کی ایگریکلچر ہاؤس آمد، پیداوار بڑھانے اور سمارٹ ایگریکلچر پر اتفاق

04-01-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں چین کے نئے تعینات قونصل جنرل سن یان نے ایگریکلچر ہاؤس کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ سے ہوئی،ملاقات میں زرعی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں، جن کے تحت 250 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے کسان کارڈ کے ذریعے 8 لاکھ کاشتکاروں کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ کے ذریعے زرعی مداخل کی خریداری سے فی ایکڑ پیداوار میں مثبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زرعی میکانائزیشن کے فروغ کے لیے 66 ارب روپے خرچ کیے گئے جبکہ کاشتکاروں کی سہولت کے لیے 4 ایگری مالز فعال اور مزید 10 زیر تعمیر ہیں۔ سموگ کے تدارک کے لیے 10 ہزار سپر سیڈرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں فروزن میٹ کی برآمدات بڑھانے کے لیے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں چین کے تعاون پر بھی زور دیا گیا، جبکہ منہ کھر کی بیماری سے محفوظ جانوروں کے لیے 8 کمپارٹمنٹس کے قیام سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چینی ماہرین تکنیکی معاونت فراہم کریں گے اور سمارٹ ایگریکلچر کے فروغ میں پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ مزید برآں، اکتوبر 2025 میں پنجاب کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ چین کے دوران 7 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے جن پر عمل درآمد جاری ہے۔ سیکرٹری زراعت نے ان معاہدوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے قونصلیٹ کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا، خصوصاً کپاس کے بیج پر تحقیق کے شعبے میں۔ سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ نے بھی اس موقع پر محکمانہ اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔