مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، ایئرپورٹس سے دو طرفہ 54 پروازیں منسوخ

04-01-2026

(لاہور نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سے بین الاقوامی فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہے، اپریل کے پہلے روز بھی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ملک کے پانچ بڑے ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کیلئے مجموعی طور پر 54 دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں، منسوخ ہونے والی پروازوں میں قومی اور غیر ملکی ایئرلائنز شامل ہیں، جن میں پی آئی اے، ایئربلو، ایئر عربیہ، ایران ایئر اور قطر ایئرویز نمایاں ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ سے ابوظہبی، جدہ، مشہد، شارجہ، مدینہ، دوحہ اور دبئی کیلئے 18 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے ریاض، شارجہ، جدہ، ابوظہبی اور دبئی کیلئے 20 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ لاہور ایئرپورٹ پر دبئی اور بحرین کیلئے 4 پروازیں منسوخ ہوئیں، پشاور ایئرپورٹ سے دوحہ، شارجہ، دبئی اور ابوظہبی کیلئے 10 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے دوحہ کیلئے 2 پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 32 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 2528 تک پہنچ چکی ہے، جس سے فضائی آپریشن کو شدید دھچکا لگا ہے۔ ماہرین کے مطابق خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث آنے والے دنوں میں بھی فلائٹ شیڈول متاثر رہنے کا خدشہ ہے، مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں۔