مسیحی طلبا کیلئے خوشخبری، اپنے مذہب کی مخصوص تعلیم پڑھ سکیں گے
03-31-2026
(لاہور نیوز) مسیحی طلبا کے لیے خوشخبری ، پنجاب میں مسیحی طلبہ اب اپنے مذہب کی مخصوص تعلیم پڑھ سکیں گے، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نئی مسیحی کتب کو نصاب میں شامل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTAA) نے ایجوکیٹنگ یوتھ پبلیکشن کی تیار کردہ مسیحی تعلیم (Christian Religious Education) کی درسی کتب کو پنجاب کے مسیحی (اور دیگر اقلیتی) طلبہ کے لیے منتخب کر لیا ہے، یہ کتب کلاس 1 تا 8 اور 11، 12 کے لیے ہیں، یہ اقدام اقلیتی مذاہب کے طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کو الگ سے متعارف کرانے کا حصہ ہے جو پہلے اسلامیات یا ایتھکس کا متبادل تھا۔ مسیحی طلبہ اب اپنے مذہب کی مخصوص تعلیم پڑھ سکیں گے، بجائے اس کے کہ انہیں اسلامیات یا عمومی اخلاقیات پڑھنے پر مجبور کیا جائے، PECTAA نے اقلیتی مذاہب ( بشمول سیحیت) کے لیے Religious Education کا نصاب اور درسی کتب کی منظوری دی ہے جو ایک تاریخی قدم سمجھا جا رہا ہے۔ یہ کتب Educating Youth Publication نے تیار کی ہیں اور انہیں پنجاب کے سرکاری/نجی سکولوں میں مسیحی طلبہ کے لیے استعمال کیا جائے گا، یہ فیصلہ پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے تعلیمی حقوق کو بہتر بنانے اور inclusive education کو فروغ دینے کا حصہ ہے۔