پنجاب سوشل سکیورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی تحلیل ،559 آسامیاں ختم

03-31-2026

(لاہور نیوز) پنجاب سوشل سکیورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کی تحلیل کا اصولی فیصلہ ہوگیا جبکہ 559 آسامیاں ختم کردی گئیں ہیں۔

پنجاب حکومت نے سوشل سکیورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کی تحلیل کے فیصلے کی توثیق کر دی جبکہ ہسپتالوں کا انتظام پنجاب سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوٹ کے حوالے ہو گا، دستاویزات کے مطابق کمپنی کی 559 اسامیوں کو بھی ختم کردیا گیا، جبکہ کمپنی بینک میں موجود 20 ملین روپے خزانے میں جمع کرانے کی پابند ہو گی۔ ذرا ئع کے مطابق کمپنی کی گزشتہ 4 سالوں کا مالیاتی آڈٹ کرانے کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ کمپنی کی گورننگ باڈی کی میٹنگ میں یہ تجویز زیر غور آئی تھی۔ ذرائع کا کہناہے کہ گورننگ باڈی نے کمپنی کو باقاعدہ تحلیل کرنے کی سفارشا ت حکومت سے کی تھیں جبکہ 2004 میں قائم کی گئی کمپنی کامقصد صنعتی کارکنوں، انکے خاندانوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔