پنجاب میں ماں اور بچے کی صحت کیلئے اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ

03-31-2026

(لاہور نیوز) خواجہ عمران نذیر، صوبائی وزیر صحت و آبادی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرامز میں جدید ٹیکنالوجی خصوصاً اے آئی کے استعمال پر غور کیا گیا ہے۔

اجلاس میں اے ایس ٹیکنیکل ڈاکٹر زوہیب، کیپٹن (ر) ڈاکٹر محمد عثمان اور ڈاکٹر پرویز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اے آئی ٹولز اور پورٹیبل الٹراساؤنڈ مشینوں کو آؤٹ ریچ پروگرامز کا حصہ بنانے کی تجاویز زیر غور آئیں، اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ مریم نواز کا وژن ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو ماں اور بچے کی صحت کے بہتر نتائج کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے نارتھ، ساؤتھ اور سینٹرل ریجنز کے منتخب اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جبکہ پروگرام کا مقصد خواتین کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ خواجہ عمران نذیر کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے حاملہ خواتین کی صحت کی مؤثر نگرانی اور بروقت رہنمائی ممکن ہو سکے گی جبکہ اے آئی سے لیس پورٹیبل الٹراساؤنڈ ڈیوائسز کے ذریعے موقع پر ہی تشخیص کی سہولت دستیاب ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی سکریننگ کے ذریعے علاج کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں گے اور اس پروگرام سے عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔