الیکشن ٹربیونل نے وفاقی وزیر عطا تارڑ کی انتخابی کامیابی درست قرار دیدی

03-31-2026

(محمد اشفاق) الیکشن ٹربیونل نے این اے 127سے عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کو درست قرار دے دیا، ٹریبونل نے تحریک انصاف کے ظہیر عباس کوکھر کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

 لاہور کے الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے تحریک انصاف کے ظہیر عباس کھوکھر کی درخواست پر سماعت کی، ظہیر عباس کھوکھر نے حلقہ این اے 127 سے عطاءاللہ تاڈر کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا تھا، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ این اے 127 سے عطاءاللہ تاڑر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ حلقے میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی جس کے واضح ثبوت موجود ہیں، اسی بنیاد پر عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ دوران سماعت وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے بیرسٹر حارث عظمت نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ پٹیشن ہی قابل سماعت نہیں ہے، پٹیشن کے ساتھ لگائی گئی دستاویزات مصدقہ نہیں ہیں جبکہ پٹیشن دائر کرتے وقت قواعد و ضوابط بھی پورے نہیں کیے گئے، اسی لیے اس پٹیشن پر مزید کاروائی نہیں ہو سکتی لہٰذا درخواست ناقابل سماعت قرار دی جائے۔ الیکشن ٹریبونل کے جج رانا زاہد محمود نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کو درست قرار دے دیا اور ظہیر عباس کھوکھر کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔