ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش، پنجاب بھر میں انڈر 18 ٹرائلز کا اعلان

03-31-2026

(لاہور نیوز) ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے پنجاب کے تمام ڈویژن میں ہاکی کے ٹرائلز کا فیصلہ کر لیا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب کے مطابق ان ٹرائلز کے ذریعے پنجاب کی چار ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جو اسلام آباد میں ہونے والی انڈر 18 یوتھ ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی، یہ چیمپئن شپ پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام اپریل میں منعقد ہو گی۔ ٹرائلز کا آغاز یکم اپریل سے ہو گا، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ٹرائلز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی پچ ٹو پر ہوں گے۔ اسی طرح فیصل آباد، سرگودھا اور راولپنڈی ڈویژن کے ٹرائلز فیصل آباد میں منعقد کئے جائیں گے، جبکہ بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن کے ٹرائلز بہاولپور میں ہوں گے۔ محمد طارق قریشی کے مطابق منتخب کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس فیصل آباد اور بہاولپور میں لگائے جائیں گے، قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔