لاہور میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 430 افراد گرفتار
03-31-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران ماہِ مارچ میں 430 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران بجلی چوری میں ملوث 4 ہزار 220 افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا چکا ہے، جبکہ اس حوالے سے 3 ہزار 960 مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس بجلی چوری کے خاتمے کیلئے متعلقہ محکموں کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے اور اس جرم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق بجلی چوری کی روک تھام کیلئے شہر بھر میں کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔