پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ، 99 افراد گرفتار

03-31-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں جرائم پیشہ اور مشتبہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 352 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے، جن کے دوران 13 ہزار 967 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 99 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ان آپریشنز کے دوران شرپسند و ملک دشمن عناصر کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 3 رائفلیں اور 8 پسٹل بھی برآمد کئے گئے۔ اسی طرح رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں 36 ہزار 139 کومبنگ آپریشنز بھی کئے گئے، جن میں 10 لاکھ 68 ہزار افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 3 ہزار 778 جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کومبنگ آپریشنز کے دوران ملزمان کے قبضے سے 37 کلاشنکوف، 77 رائفلز، 714 پسٹلز، 55 بندوقیں، 8 ریوالورز اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ایسے آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔