پاکستان کو کویت نے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی

03-30-2026

(ذیشان یوسفزئی) پاکستان کو کویت نے پٹرولیم مصنوعات بشمول ڈیزل اور جیٹ فیول کی مسلسل فراہمی کے حوالے سے یقین دہانی کردی، جس کا مقصد ملک کے توانائی کے تحفظ کے فریم ورک کو تقویت دینا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں کویت کے سفیر کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی، جس میں کویت پٹرولیم کارپوریشن نے پاکستان کو ایندھن کی فراہمی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس انتظام میں ڈیزل اور جیٹ فیول کی ترسیل کے لیے پاکستان کے جھنڈے والے جہازوں کا ممکنہ استعمال شامل ہے۔ دوران ملاقات ہونے والی گفتگو میں کویتی سفیر کا کہنا تھا کہ مجوزہ فریم ورک پاکستان میں رجسٹرڈ بحری جہازوں کو تزویراتی طور پر اہم آبنائے ہرمز سے پٹرولیم مصنوعات لے جانے کی اجازت دے گا، یہ راستہ توانائی کی تجارت کے لیے دنیا کے اہم ترین سمندری راستوں میں سے ایک ہے، جو تیل پیدا کرنے والے بڑے خطوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑتا ہے۔   دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز کے ذریعے پاکستانی جہازوں کی آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس مفاہمت کے تحت پاکستان کے جھنڈے والے جہاز اس انتظام کے اندر کام کر سکتے ہیں، جو پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کے لیے ایک منظم راستہ فراہم کرتے ہیں۔  حکام نے اشارہ کیا کہ یہ طریقہ کار نہ صرف کویت سے درآمدات کو سہارا دینے کے لیے بنایا گیا ہے بلکہ دیگر بین الاقوامی سپلائرز کی ترسیل کو ہموار کرنے کے لیے بھی بنایا گیا ہے، جو ممکنہ طور پر سپلائی چین کی لچک کو بڑھاتا ہے۔ ملاقات کے دوران علی پرویز ملک نے توانائی کے شعبے میں کویت کے دیرینہ تعاون کو سراہا، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان پانچ دہائیوں سے زائد عرصے سے کویت سے پٹرولیم کی درآمدات پر انحصار کرتا رہا ہے، اس تعلقات کو باہمی اعتماد اور مسلسل روابط پر استوار قرار دیا ہے۔ دوران گفتگو وزیر پٹرولیم کا وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وسیع تر سفارتی کوششوں کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جاری اقدامات علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور پڑوسی ممالک کے درمیان تعمیری بات چیت کی حوصلہ افزائی پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں اقتصادی اور توانائی کے تعاون کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں معاون ہیں۔ علاوہ ازیں کویتی سفیر نے بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی حالات کے باوجود دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی حمایت کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کویت پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور متعدد شعبوں بالخصوص توانائی میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔