ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر کا دورہ پاکستان، معاشی اصلاحات پر اہم پیش رفت متوقع
03-30-2026
(لاہورنیوز) ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر 19 تا 24 اپریل پاکستان کا اہم دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور لاہور میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں اور پالیسی مشاورت متوقع ہیں، اس دورے کو پاکستان کی معیشت میں بہتری اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بڑھتی ہوئی شراکت داری کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ نائب صدر کی وزیراعظم، وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں طے ہیں، جن میں معاشی اصلاحات، ترقیاتی ترجیحات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی پاکستان کے لیے 2026 سے 2030 کی پارٹنرشپ اسٹریٹیجی پر عملی پیش رفت کا آغاز بھی متوقع ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی کلیدی پالیسی میٹنگز میں ملک کی معاشی سمت کے تعین، توانائی شعبے میں اصلاحات، اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، بالخصوص سمارٹ میٹرنگ اور پاور سیکٹر کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں ایگریکلچر اینڈ فوڈ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں زرعی شعبے میں اربوں ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری پر غور کیا جائے گا۔ فورم میں عالمی ماہرین، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کی شرکت متوقع ہے، جو زرعی اصلاحات، ویلیو ایڈیشن اور فوڈ سکیورٹی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے، اس دورے کے دوران نجی شعبے کو مضبوط بنانے، برآمدات بڑھانے اور عالمی شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی زور دیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کی زرعی اور صنعتی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے خطے میں 40 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری متحرک کرنے کا وژن پیش کیا ہے، جس میں پاکستان کو بھی نمایاں حصہ ملنے کی توقع ہے، یہ دورہ پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔