پاکستان کو تیل کی سپلائی پوری مل رہی، پھر بھی قیمتیں بڑھائی گئیں: ایس ایم تنویر

03-30-2026

(لاہورنیوز) سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کو تیل کی سپلائی پوری مل رہی ہے، پھر بھی قیمتیں بڑھائی گئیں۔

  لاہور میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت ہم سے بات کرے بہتر مشورہ دے سکتے ہیں، لانگ ٹرم پالیسی بنانا ہوگی جس سے فائدہ ہو سکے، حکومت کوئی بھی فیصلہ سٹیک ہولڈرز سے رابطے کے بعد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کے ساتھ مل کر معاملات حل کرنا چاہتی ہے، یہی وقت ہے پاکستان کو معیشت کیلئے اقدام کرنا ہوگا، حکومت سے مطالبہ ہے جب بھی لاک ڈاؤن لگانا ہے تو سٹیک ہولڈرز سے پوچھیں، اگر دنیا میں پٹرول کی قیمتیں بڑھیں تو حکومت نے بھی بڑھا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے ملک کو فائدہ ہوا، کاروباری دنیا کو فیک نیوز سے نقصان ہوتا ہے اس کے خلاف ایکشن لیں، چار سو بلین ڈالر کا جی ڈی پی سائز ہے اور اٹھارہ فیصد وہ کاروبار ہیں جو سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں، پاکستان کے کاروبار کو دس بجے کی پابندی سے آزاد کیا جائے۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ دبئی نہیں بلکہ پاکستان محفوظ ملک ہے ادھر ہی جینا ہے اور ادھر ہی مرنا ہے، حکومت لانگ ٹرم انڈسٹری پالیسی ڈومیسٹک کامرس کو چلانے کی پالیسی دے، لانگ ٹرم پالیسی نہیں دیں گے تو ہم کاروبار کر ہی نہیں سکتے۔ ذکی اعجاز کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں اس وقت پاکستان محفوظ ترین ملک مانا جاتا ہے، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی کاوشوں کی وجہ سے ملک محفوظ ہے، وزیراعظم سے درخواست ہے ہفتہ، اتوار شٹ ڈاؤن پر نظر ثانی کی جائے۔