جیلوں کی بیرونی دیواروں کی ناقص سکیورٹی منشیات سپلائی کا سبب بننے لگی
03-30-2026
(لاہور نیوز) صوبے کی جیلوں میں بیرونی دیوار کی ناقص سکیورٹی منشیات کی سپلائی کا بڑا سبب بننے لگی۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، مراسلے کے مطابق بیرونی دیوار کی سکیورٹی پر عدم توجہی کے باعث منشیات جیلوں میں داخل کی جا رہی ہیں، ملاقات کا نظام فون سسٹم پر منتقل ہونے اور شیشوں کی تنصیب کے بعد منشیات فروشوں نے نیا طریقہ اختیار کر لیا ہے اور وہ بیرونی دیوار کے اوپر سے بالز یا سٹرپس کے ذریعے منشیات جیل کے اندر پہنچا رہے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بیرونی دیوار پر متعدد سکیورٹی پوائنٹس خالی ہونے کی وجہ سے منشیات فروش اس کمزوری سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور سپلائی کے نئے طریقے استعمال کر رہے ہیں۔ آئی جی جیل میاں فاروق نذیر نے 24 گھنٹے جیلوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وارنٹ آفس، ملاقات شیڈ سمیت دیگر ڈیوٹیوں پر تعینات عملے کی چار چار گھنٹے کی سکیورٹی ڈیوٹی لگائی جائے۔ مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تمام عملے کی حاضری بائیو میٹرک نظام کے تحت یقینی بنائی جائے تاکہ ڈیوٹی میں غفلت کو روکا جا سکے۔ آئی جی جیل نے منشیات کی سپلائی چین توڑنے اور جیلوں کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے کیلئے سخت اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی ہے۔