حضرت مادھو لال حسینؒ کا سالانہ عرس: سیکورٹی پر 1500 سے زائد اہلکار تعینات

03-29-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں دربارحضرت مادھو لال حسینؒ کے عرس کی تقریبات کیلئے سیکورٹی پر 1500 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دربارحضرت مادھو لعل حسینؒ کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی نظام کا جائزہ لیا۔ سکیورٹی انتظامات پر متعلقہ افسران نے ڈی آئی جی آپریشنز  فیصل کامران کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ سکیورٹی کیلئے 2 ایس پیز، 3 ایس ڈی پی اوز، 7 ایس ایچ اوز  اور 46 لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 1500 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔  سکیورٹی پلان کے مطابق داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی اور چیکنگ جاری ہے۔ عرس کے دوران زائرین کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے، دربار اور اطراف کی مانیٹرنگ کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے، شہری مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور فوری پولیس کو آگاہ کریں۔