حضرت مادھو لال حسینؒ کے سالانہ عرس پر تصوف کانفرنس کا انعقاد

03-29-2026

(لاہور نیوز) حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لال حسینؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر ایک روحانی و فکری تصوف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس کی صدارت سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کی جبکہ زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید ورک، مینجر دربار غلام رسول اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، معروف مذہبی سکالر مفتی عمران حنفی سمیت دیگر علماء کرام نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران مقررین  نے حضرت مادھو لال حسینؒ کی تعلیمات، شخصیت اور تصوف کے فروغ میں ان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی، مقررین کا کہنا تھا کہ اولیاء کرام  نے دین اسلام کی اشاعت اور معاشرتی اصلاح میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ  نے کہا کہ زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاہم اس حوالے سے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر کے درباروں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے تاکہ زائرین کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ کیش اوپننگ سمیت دیگر انتظامی امور کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جس کا مقصد شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔