لیڈی ولنگڈن ہسپتال: آپریشن تھیٹر میں گارڈ کا خاتون کو انیستھیزیا لگانے کا انکشاف

03-29-2026

(ویب ڈیسک) لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں بدانتظامی، پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ نے آپریشن تھیٹر میں مریض خاتون کو انجکشن لگایا ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کی لاپرواہی کے باعث لیڈی ولنگڈن ہسپتال بدترین زوال کا شکار ہو گیا ہے۔  ایک وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا کہ سکیورٹی گارڈ آپریشن تھیٹر میں خاتون مریضہ کو لوکل انیستھیزیا لگا رہا تھا، جبکہ آپریشن تھیٹر کی ایک دوسری وائرل ویڈیو سے بھی ثابت ہوا ہے کہ ہسپتال میں سنگین بدانتظامی ہے۔  اس واقعہ پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ڈاکٹرز اور ایک ہیڈ نرس کو معطل کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والوں میں سینئر کنسلٹنٹ انستھیزیا ڈاکٹر منیر، سینئر رجسٹرار انستھیزیا ڈاکٹر رطابہ خالد، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر منزہ ناہید، سینئر وومن میڈیکل افسر ڈاکٹر دریہ ارم اور ہیڈ نرس عظمیٰ حسان شامل ہیں۔  اس کے علاوہ پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی کے کنٹریکٹ کو بھی گارڈ کی اس حرکت کے بعد منسوخ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں سی سیکشن آپریشن کے دوران مبینہ طور پر مریضوں کی ویڈیو بنانے کے واقعہ کے بعد 4 لیڈی ڈاکٹرز کو معطل کر دیا گیا ہے۔  ذرائع کے  مطابق سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، گائنی یونٹ ون کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو بنانا اخلاقیات کے منافی ہے اور مریض کے وقار کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ملوث ڈاکٹرز کا طرز عمل مریض کی سیفٹی کے معیار اور طبی ماہرین پر اعتماد کے اصولوں کے منافی ہے۔