بارش: موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ڈرائیونگ میں احتیاط کی ہدایت

03-29-2026

(لاہور نیوز) سنٹرل ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی کے باعث موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم-2 پر لاہور، کوٹ مومن، سیال موڑ، پنڈی بھٹیاں اور شیخوپورہ میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم-3 پر شرق پور، ننکانہ، سمندری اور مرید والا کے مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لاہور-سیالکوٹ موٹروے ایم-11 پر بھی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ سنٹرل زون کی قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال میں بھی بوندا باندی اور ابر آلود موسم رپورٹ ہوا ہے۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران رفتار کم رکھیں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور ہیڈ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ڈرائیورز اچانک بریک لگانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔