ڈاکٹر فضیلہ عباسی کیس، بھائی حمزہ علی عباسی کا اہم بیان سامنے آ گیا

03-28-2026

(ویب ڈیسک) معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی بہن سے متعلق زیرِ بحث کیس میں نام جوڑے جانے پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں اور وہ کسی بھی قسم کی تحقیقات کا حصہ نہیں ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ حالیہ خبروں میں ان کا نام ان کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی سے متعلق الزامات کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، جو درست نہیں۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ وہ نہ تو کسی ادارے کی تحقیقات کا حصہ ہیں اور نہ ہی اس کیس میں کسی حیثیت سے شامل ہیں۔انہوں نے اپنی بہن کو ایک کامیاب اور باصلاحیت پروفیشنل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور بھائی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی بہن کی دیانتداری پر مکمل اعتماد ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا مؤقف بھی سنا جانا چاہیے۔ حمزہ علی عباسی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ متعلقہ ادارے انصاف کو یقینی بنائیں گے اور سچ سامنے آئے گا، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بہن کے پیشہ ورانہ اور قانونی معاملات ان سے مکمل طور پر الگ ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ ان سے اس کیس سے متعلق سوالات نہ کیے جائیں کیونکہ وہ اس معاملے میں فریق نہیں ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر ان کا نام اس کیس کے ساتھ جوڑا گیا تو وہ قانونی کارروائی کا حق استعمال کریں گے۔ حمزہ علی عباسی کے بیان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ اس کیس سے خود کو مکمل طور پر الگ سمجھتے ہیں، جبکہ اپنی بہن کی حمایت اور انصاف کے عمل پر اعتماد کا اظہار بھی کیا ہے۔