پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی آپریشنز، ایک ماہ میں 366 آپریشنز، 36 دہشتگرد گرفتار
03-28-2026
(لاہور نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کی صوبہ بھر میں دہشتگردی کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں، گزشتہ ایک ماہ کے دوران 366 انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز مکمل کر لیے، ان کارروائیوں میں 36 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، قصور، جہلم، چکوال، اوکاڑہ، خانیوال، راولپنڈی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راجن پور، سیالکوٹ، جھنگ، اٹک اور ساہیوال سمیت مختلف اضلاع میں کی گئیں۔ مزید بتایا گیا کہ فیصل آباد اور جہلم سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 خطرناک دہشت گردوں کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 5 دیسی ساختہ بم، 34 دھماکہ کرنے والے آلات (ڈیٹونیٹر)، 61 فٹ حفاظتی تار، پمفلٹس اور نقدی برآمد کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور ممکنہ حملوں کو ناکام بنانے کے لیے کی گئیں، اور اس سلسلے میں آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔