حضرت مادھو لال حسین کا 438واں عرس، تین روزہ تقریبات شروع
03-28-2026
(لاہور نیوز) حضرت مادھو لال حسینؒ کا 438 واں عرس شروع ، تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، میلہ چراغاں کے پرامن انعقاد کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ عرس اور میلہ چراغاں کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور عقیدت مندوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ میلہ چراغاں کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں اور سکیورٹی معاملات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق چیکنگ اور سکیورٹی کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور بیریئرز کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ چراغاں اور لنگر کی تقسیم کے اوقات میں سکیورٹی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں گے تاکہ عرس اور میلہ چراغاں کی تقریبات پرامن طریقے سے مکمل ہو سکیں۔