ادویات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ، مریض شدید مالی دباؤ کا شکار
03-27-2026
(لاہورنیوز) موجودہ صورتحال میں ادویات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ نے مریضوں کو شدید مالی دباؤ میں مبتلا کر دیا۔
عوام کیلئے ادویات لینا اور علاج کروانا عذاب بن گیا، مختلف بیماریوں کی ادویات کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، کئی ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ روزمرہ استعمال کی ادویات بھی مہنگائی کی لپیٹ میں آگئیں، اینٹی بائیوٹک ، پین کلر ، شوگر و بلڈ پریشر ، معدے، السر، پٹھوں کی طاقت، الرجی، جلدی امراض اور کھانسی کی متعدد ادویات مہنگی ہوئیں۔ بی وی ڈوکس ، سٹروسوڈا ، ٹایوور، سربیکس زی، لائسومائٹ لوشن ، میٹس ، ڈپریکیپ ، سمیت متعدد ادویات مہنگی، کیریسیف ، سیفکس، ازیٹما ، ایسی فائل ، گیٹرل ادویات قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا۔ ادویات کے مختلف بیچز میں قیمتوں کا فرق، بڑا سوالیہ نشان بن گیا، شہریوں نے ڈرگ پرائسنگ اور مانیٹرنگ سسٹم پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا، کرونک مریضوں کیلئے علاج جاری رکھنا بڑا چیلنج بن گیا۔ مہنگی ادویات کے باعث مریضوں کے علاج ادھورا چھوڑنے کا خدشہ ہے، عوامی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہونے پر ڈرگ لائر فورم نے قانونی و آئینی راستہ اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔