متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کے معاملے پر قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری

03-27-2026

(لاہورنیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کے معاملے پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

  پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ، میڈیا پالیسی اور ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر ڈسپلنری فریم ورک کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کو مقررہ مدت کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد موصول ہونے والے مؤقف کا جائزہ لے کر آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پی سی بی نے واضح کیا کہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پابندی اور کھیل کی ساکھ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور تمام کھلاڑیوں سے ضابطوں کی مکمل پاسداری کی توقع کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز نسیم شاہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ میں قذافی سٹیڈیم آمد کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کی گئی تھی۔