حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
03-27-2026
(لاہورنیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ پٹرول 95 روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 203 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز تھی مگر حکومت عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے کوشاں ہے، اس ہفتے56ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک طرف اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کو عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں دو اہم محاذوں پر سرگرم ہے۔ ایک طرف حکومت عوام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب سفارتی سطح پر جنگ کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے کے لیے دن رات متحرک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برادر اسلامی ممالک اور پورے خطے کو اس جنگ کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے پاکستان سنجیدہ اور مخلصانہ سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعی مشاورت، دانشمندی اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں محض بین الاقوامی ذمہ داری نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور امت مسلمہ کے بہترین مفاد کے لیے کی جا رہی ہیں، مسلمان ایک خدا، ایک رسول ﷺ اور ایک قرآن پر ایمان رکھتے ہیں، اس لیے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں اتحاد، صبر اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے تاکہ پاکستان خطے میں امن کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔