پی ایس ایل 11: کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 182 رنز کا ہدف
03-27-2026
(لاہورنیوز)پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 182 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز کی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔ کراچی کنگز کی جانب سے انگلش آل راؤنڈر معین علی نے 29 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 48 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، کپتان ڈیوڈ وارنر نے 35 اور مرزا سعد بیگ نے 30 رنز کی اننگز کھیلیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احمد دانیال نے تین اور الزاری جوزف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے بولنگ کریں گے، میرا خیال ہے کہ بعد میں اوس (ڈیو) آ جائے گی، اسی لیے ہم نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان یہ دوسرا سیزن ہے اور میں اس کے ساتھ کافی مطمئن ہوں ، میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے کا عادی ہوں، یہ میرا لگاتار تیسرا سال ہے، اس لیے میں خوش ہوں۔