جی ایس پی پلس سٹیٹس برقرار رہنا چاہیے، اس پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا: ایس ایم تنویر
03-27-2026
(لاہور نیوز) سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ( یو بی جی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس برقرار رہنا چاہیے، اس پر سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ یو بی جی ایس ایم تنویر کا کہنا تھا ہم مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، معیشت کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، تجارت کے لئے فری ٹریڈ معاہدے ہونے چاہئیں، جی ایس پی پلس سٹیٹس 8 ممالک کو ملا ہوا ہے، جی ایس پی پلس سٹیٹس کیلئے سب نے مل کر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس برقرار رہنا چاہیے، اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔ ایس ایم تنویز کا مزید کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس ہمارے لئے معاشی شہ رگ ہے، فائلر اور نان فائلر پر حکومت سے بات ہو رہی ہے۔ چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کہا کہ ہم ملک سے ہیں اور ملک ہمارے سے، جی ایس پی پلس پاکستان کیلئے اہم ہے، 2013 تک پاکستان کی ایکسپورٹ 2 بلین ڈالر سے نیچے تھی، اب ایکسپورٹ 9.5 بلین ڈالرپر پہنچ چکی ہے۔ کامران ارشد کا کہنا تھا کہ جی ایس پی کو کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہیے، حکومت کو چاہیے جی ایس پی پلس کی حفاظت کرے، ملکی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ قبل ازیں کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض ودیگر عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس سٹیٹس بہت اہمیت رکھتا ہے، جی ایس پی پلس سٹیٹس سے یورپی ممالک کو برآمدات 3.5 ارب ڈالر سے بڑھ کر 8 ارب ڈالر ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ اور معیشت کی لائف لائن جی ایس پی پلس ہے، آئی ایم ایف کے قرضے سے باہر آنے کے لئے ایکسپورٹ آخری حل ہے، پاکستان معاشی طور پر مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق جیتا، اب معرکہ معیشت بھی جیتنا ہے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے ساتھ مل کر کامیابی حاصل کرے گی۔