فائیو جی کی کامیاب نیلامی ڈیجیٹل پاکستان کیلئے بھی سنگِ میل قرار
03-27-2026
(لاہور نیوز) پاکستان نے فائیو جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کیلئے اہم سنگِ میل حاصل کر لیا، جسے جی ایس ایم ایسوسی ایشن (GSMA) نے رپورٹ میں سراہا۔
رپورٹ میں وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کی حکمت عملی کو نمایاں قرار دیا گیا، اور کہا گیا کہ پاکستان اب بھارت سمیت کئی دیگر ممالک سے آگے نکل چکا ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان آخری نمبر سے ترقی کر کے آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گیا، جبکہ جاپان پہلے، چین دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، فلپائن، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور سنگاپور پاکستان سے آگے ہیں، مگر پاکستان نے بھارت، ویتنام، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ نیلامی میں تین آپریٹرز نے 480 میگاہرٹز سپیکٹرم مجموعی طور پر 142 ارب روپے میں حاصل کیا، جس کے بعد پاکستان کا مجموعی سپیکٹرم 2.8 گنا بڑھ کر 750 میگاہرٹز ہو گیا، جی ایس ایم اے نے کہا کہ نیلامی سے قبل پاکستان کا سپیکٹرم عالمی سطح پر سب سے کم تھا، تاہم متعدد بینڈز میں فراہمی اور مناسب ریزرو قیمتوں نے کامیابی ممکن بنائی۔ رپورٹ میں اس بات کو بھی سراہا گیا کہ نیلامی کے دوران ادائیگی ڈالر کے بجائے روپے میں کرنے کا فیصلہ مثبت اقدام ہے۔ جی ایس ایم اے نے کہا کہ پاکستان کیلئے 5G کے آغاز پر چیلنجز موجود ہیں، لیکن ٹیلی کام ٹیکس اصلاحات، ڈیجیٹل اہداف پر توجہ اور طویل مدتی پالیسی ڈیجیٹل تبدیلی میں تیزی لائیں گی۔ مزید برآں، رپورٹ میں کہا گیا کہ موبائل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ سروسز کی سستی دستیابی شہریوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرے گی اور ڈیجیٹل ترقی کے ذریعے ملک میں نئی اقتصادی اور سماجی راہیں کھلیں گی۔