مردوں کے جھگڑوں میں خواتین کو نشانہ نہ بنائیں، سبینہ فاروق کی وی لاگرز پر تنقید

03-27-2026

(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ سبینہ فاروق نے سوشل میڈیا کنٹنٹ کریئٹرز کی جانب سے ذاتی تنازعات میں خواتین کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل دیا۔

اداکارہ کا یہ بیان یوٹیوبر ذوالقرنین سکندر کے حالیہ متنازع وی لاگ ایکسپوزنگ فتنہ فیملی کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے رجب بٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سبینہ فاروق نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انفلوئنسرز کو اپنی لڑائیوں میں خواتین کو شامل کرنے سے گریز کرنا چاہیے، کیا ہم براہِ کرم مردوں کے جھگڑوں میں بیویوں اور بہنوں کو معاف کر سکتے ہیں؟ خدا کا خوف کریں، اگر آپ کو ایک دوسرے کے بارے میں فضول باتیں کرنی ہیں تو کریں، لیکن خدا کے لیے خواتین کی عزت برقرار رہنے دیں، اس معاشرے میں خواتین پہلے ہی کافی مظلوم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر موجود بڑے پلیٹ فارمز اور وسیع ناظرین کی تعداد کو مثبت اور بامقصد مسائل کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ آپ مردوں کو ایک دوسرے پر جو بھی کیچڑ اچھالنا ہے، اسے اپنے تک محدود رکھیں، آپ لوگوں کے پاس اتنی بڑی تعداد میں ناظرین موجود ہیں، براہِ کرم اسے دنیا کے بڑے مسائل کے لیے استعمال کریں۔ اداکارہ کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی بھرپور توجہ حاصل ہو رہی ہے، جبکہ کئی افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت بھی کی ہے۔