گندم خریداری کا بڑا منصوبہ، 30 لاکھ میٹرک ٹن خریدنے کی تیاریاں
03-27-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے نئی گندم کی فصل کی خریداری کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے باقاعدہ تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
حکومتی سکیم کے تحت 11 کمپنیاں اپریل کے پہلے ہفتے سے کسانوں سے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا عمل شروع کریں گی، ذرائع کے مطابق گندم خریداری مہم کا ابتدائی مرحلہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جائے گا، جس کے بعد خریدی گئی گندم کو حکومت پنجاب کے گوداموں میں ذخیرہ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فلور ملز اور ٹریڈرز کی ٹیکنیکل بڈ کے عمل میں 11 کمپنیوں کو پری کوالیفائی کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ خوراک نے 5 ٹریڈرز کو اس مرحلے میں نااہل قرار دیا گیا، پری کوالیفائی ہونے والی کمپنیوں کی فنانشل بڈ آئندہ چند روز میں اوپن کی جائے گی۔ فنانشل بڈ کے مرحلے میں کمپنیاں گندم خریداری کی مقدار اور حکومتی مالی معاونت کے حوالے سے کم سے کم شرح کی پیشکش کریں گی، حکومت نے ان کمپنیوں کیلئے 25 لاکھ ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پری کوالیفائی کمپنیوں میں بوٹا برادرز، علی عمران، حاجی سنز، چپل ٹریڈرز، ایل ڈی سی، این اینڈ ایم، رویل فلور، ذوالنورین، زاریہ اور ایس بی آر ایس شامل ہیں، جنہوں نے ٹیکنیکل بڈ میں کامیابی حاصل کی۔ حکام کے مطابق یہ کمپنیاں کسانوں سے براہ راست کھیت سے تقریباً 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدیں گی، جس سے کسانوں کو بہتر قیمت ملنے کی توقع ہے۔ مزید برآں، گرین پاکستان انیشی ایٹو(جی پی آئی) کے تحت بھی پنجاب بھر کے کسانوں سے 5 لاکھ ٹن گندم خریدی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ ہو گا بلکہ صوبے میں گندم کے وافر ذخائر بھی یقینی بنائے جا سکیں گے۔