ناقص کپڑا فروخت کرنے پر دکاندار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر
03-27-2026
(لاہور نیوز) صارف عدالت میں سمن آباد کے ایک دکاندار کے خلاف ناقص کپڑا فروخت کرنے پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا گیا۔
سمن آباد کی رہائشی خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے شادی میں پہننے کیلئے فینسی سوٹوں کا کپڑا خریدا، تاہم گھر آ کر معائنہ کرنے پر کپڑا ناقص کوالٹی کا نکلا۔ درخواست گزار نے دکاندار کے خلاف ایک لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اسے مالی اور ذہنی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈیوٹی جج نے ابتدائی سماعت کے بعد کیس متعلقہ عدالت کو بھجوا دیا، جہاں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دکاندار کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ہرجانہ دلوایا جائے تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔