میٹرک سالانہ امتحانات کا آغاز،امتحانی سنٹرز میں دفعہ144 نافذ
03-27-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔
امتحانات کے پہلے روز عربی، جغرافیہ اور تاریخِ پاکستان کے پرچے لیے جا رہے ہیں۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے مجموعی طور پر 880 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 26 مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق تمام امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو بھی شناخت کی تصدیق کے بعد ہی امتحانی ہال میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔ شیڈول کے مطابق میٹرک کا آخری پرچہ 16 اپریل کو پنجابی اور تاریخِ اسلام کا لیا جائے گا، جبکہ نہم جماعت کے امتحانات 17 اپریل سے شروع ہوں گے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نقل کی روک تھام اور امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو منصفانہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔