پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، جعلی و ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش تلف
03-27-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں 8 یونٹس پر چھاپے مارے گئے، جن میں سنگین خلاف ورزیوں پر 2 یونٹس کو بند کرکے مقدمات درج کر لیے گئے۔ خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 5 یونٹس کو مجموعی طور پر 6 لاکھ 40 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں مضر صحت اشیاء تلف کی گئیں، جن میں 3 ہزار کلو گرام فنگس زدہ مواد اور کریم، 1 ہزار کلو گرام گوشت جبکہ 500 لیٹر جعلی مشروبات شامل ہیں۔ حکام کے مطابق چھاپوں کے دوران مختلف مشینری اور سامان بھی ضبط کیا گیا، جن میں مشینیں، سلنڈر، ڈرم، ڈھکن، فلیورز اور خالی و تیار شیشیاں شامل ہیں۔ یہ کارروائیاں شادباغ، رائیونڈ روڈ، فیروزپور روڈ، نشتر، سندر اور مغل پورہ کے علاقوں میں کی گئیں۔ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایسے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔