پنجاب حکومت نے زیور تعلیم پروگرام ختم کر دیا

03-26-2026

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے غریب بچیوں کیلئے جاری تعلیمی وظیفہ سکیم زیور تعلیم پروگرام کو ختم کر دیا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے باقاعدہ طور پر اس منصوبے کو بند کرنے کی منظوری دے دی، اس پروگرام کے تحت مستحق بچیوں کو ماہانہ 1000 روپے وظیفہ دیا جاتا تھا تاکہ سرکاری سکولوں میں ان کی حاضری اور داخلے میں اضافہ کیا جا سکے۔ یہ منصوبہ شہباز شریف کے دور حکومت کا فلیگ شپ پروگرام تھا، جس کا مقصد بچیوں کی تعلیم کو فروغ دینا تھا، پروگرام کیلئے سالانہ تقریباً 7 ارب 35 کروڑ روپے مختص کئے جاتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بہتر نتائج حاصل نہ ہونے کی بنیاد پر اس سکیم کو بند کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ اس کا بجٹ اب دیگر تعلیمی شعبوں میں خرچ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ فنڈز اب ٹرانسپورٹ، اساتذہ کی بھرتی، امتحانی نظام اور دیگر تعلیمی ضروریات پر استعمال کئے جائیں گے تاکہ مجموعی طور پر تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ محکمہ سکولز کے حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ کے مؤثر استعمال کیلئے معاملہ کابینہ میں زیر غور آیا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔