عیدالفطر کے ایام میں فالج کا اٹیک ہونے پر چار قیمتی زندگیاں بچا لی گئیں

03-26-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے سٹروک مینجمنٹ پروگرام نے عید الفطر کے دوران انسانی خدمت کی ایک قابلِ تقلید مثال قائم کر دی، جہاں بروقت طبی امداد سے چار قیمتی جانیں بچا لی گئیں۔

عید کے ایام میں لاہور میں خاتون سمیت چار افراد کو فالج کا خطرناک اٹیک ہوا، تاہم انہیں فوری طور پر سروسز ہسپتال لاہور کے ایمرجنسی سٹروک مینجمنٹ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ماہر نیوروفزیشن ٹیم  نے فوری علاج شروع کیا۔ وزیراعلیٰ سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے تحت مریضوں کو بروقت “ٹی این کے” انجکشن فراہم کئے گئے، جس کے نتیجے میں تمام مریض چند گھنٹوں کے اندر فالج کے شدید اثرات سے باہر آ گئے اور مستقل معذوری سے بھی بچ گئے۔ متاثرہ افراد میں 75 سالہ محمد اختر شامل ہیں جنہیں نماز عید کے دوران اٹیک ہوا، جبکہ 70 سالہ طلعت محمود، 63 سالہ شریفہ بی بی اور 50 سالہ امانت علی بھی عید کے دوران فالج کا شکار ہوئے، بروقت ہسپتال منتقلی اور فوری علاج کے باعث چاروں مریضوں کی حالت بہتر ہو گئی۔ مریضوں اور ان کے اہل خانہ  نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سٹروک مینجمنٹ سینٹر کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہنگا علاج مفت فراہم کرنا ایک بڑی سہولت ہے، جو عام آدمی کیلئے ممکن نہیں تھا۔ ماہرین کے مطابق فالج کی علامات میں بینائی متاثر ہونا، منہ کا ٹیڑھا ہونا، بولنے میں دشواری، جسم کا توازن بگڑنا اور ٹانگ یا بازو میں کمزوری شامل ہیں، فالج کی صورت میں 3 سے 4 گھنٹے کا وقت انتہائی اہم ہوتا ہے، جسے “گولڈن آور” کہا جاتا ہے، اس دوران مریض کو فوری طور پر قریبی سٹروک سینٹر منتقل کرنا ضروری ہے۔ حکام کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر مہنگا ترین انجکشن مفت فراہم کر رہا ہے، جبکہ پنجاب بھر میں اس وقت 14 سٹروک مینجمنٹ سینٹرز فعال ہیں اور ہر ضلع میں ایسے مراکز قائم کرنے کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہر مریض کو بروقت علاج فراہم کرنا اس کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب اس حق کی فراہمی یقینی بنائے گی۔