ٹاؤن شپ میں غذائی بدعنوانی کا مکروہ کاروبار بے نقاب
03-26-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1 ہزار کلو مضر صحت گوشت تلف کر کے شہریوں کو غیر معیاری خوراک کی فراہمی کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کے مطابق لاہور کے پوش علاقے ٹاؤن شپ میں غذائی بدعنوانی کا مکروہ کاروبار بے نقاب کیا گیا، جہاں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ایک میٹ سٹور پر چھاپہ مار کر یونٹ کو بند کر دیا اور مقدمہ درج کر لیا۔ کارروائی کے دوران 3 فریزر، 50 ہکس، 2 کاؤنٹرز، 2 وزن کانٹے، ایک گاڑی، مکسنگ مشین اور 2 سٹیل ٹب بھی ضبط کر لئے گئے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق بیمار جانور کو غیر قانونی طور پر سٹور میں ہی ذبح کیا گیا تھا، جبکہ موقع پر گوشت کا تفصیلی معائنہ کرنے پر اسے انسانی صحت کیلئے مضر قرار دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، جہاں مکھیوں اور کیڑوں کی بھرمار تھی، ملازمین کے میڈیکل اور فوڈ سیفٹی ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ برآمد شدہ گوشت کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق فوڈ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ایسے کاروبار مکمل طور پر بند کر دیئے جائیں گے۔