وزیر تعلیم کی شفاف امتحانات یقینی بنانے کیلئے سینٹرز کی مانیٹرنگ کی ہدایت

03-26-2026

(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے شفاف امتحانات یقینی بنانے کیلئے سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی۔

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت آل پنجاب کمشنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 27 مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر تعلیم  نے شفاف امتحانات کو یقینی بنانے کیلئے تمام امتحانی سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کی، انہوں  نے واضح کیا کہ 27 مارچ سے تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سینٹرز کی مسلسل نگرانی کریں۔ رانا سکندر حیات نے ہدایت دی کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے فیلڈ میں جا کر سرپرائز دورے کریں اور ہر امتحانی مرکز کی خود نگرانی کریں۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پیپر لیکج اور چیٹنگ مافیا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اس لئے شفاف اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے، خصوصاً حساس اور ہارڈ ایریاز میں مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام امتحانی سینٹرز پر سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنایا جائے اور بالخصوص حساس مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور فعالیت یقینی بنائی جائے۔