جیٹ فیول مہنگا: فضائی کرایوں میں 100 فیصد تک اضافے کا خدشہ

03-26-2026

(لاہور نیوز) ملک میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد فضائی سفر سو فیصد مہنگا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

جیٹ فیول کی قیمت 388 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 472 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث ایئرلائنز نے اضافی بوجھ مسافروں پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایئرلائنز نے بنیادی کرایہ برقرار رکھا ہے، تاہم فیول سرچارج میں نمایاں اضافہ کر کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ قومی ایئرلائن پی آئی اے نے مختلف روٹس پر فیول سرچارج عائد کر دیا ہے، جس کے تحت مقامی پروازوں پر 10 ڈالر، کینیڈا کے لیے 100 ڈالر، برطانیہ کے لیے 75 ڈالر جبکہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے لیے 50 ڈالر تک اضافی چارجز وصول کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب نجی ایئرلائنز نے بھی 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز نافذ کر دیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خلیجی فضائی حدود کی بندش کے باعث پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ایئرلائنز پر مالی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے عام مسافروں کے لیے فضائی سفر مزید مشکل ہو جائے گا۔