پی ایس ایل میچز کے تناظر میں قماربازوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 265 ملزمان گرفتار

03-26-2026

(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ کے میچز کے دوران لاہور پولیس نے قمار بازی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران قمار بازی میں ملوث 265 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف 84 مقدمات درج کئے گئے ہیں، کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 11 لاکھ 87 ہزار روپے سے زائد داؤ پر لگی رقم بھی برآمد کی گئی۔  سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ  نے جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سی سی پی او لاہور  نے ہدایت کی ہے کہ جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈز کئے جائیں اور آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے، انہوں نے پولیس افسران کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ایسے عناصر کی نشاندہی کرنے کی بھی تاکید کی۔ بلال صدیق کمیانہ کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ پراسیکیوشن کی معاونت سے قمار بازی میں ملوث افراد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، تاکہ اس غیر قانونی سرگرمی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔