حمزہ علی عباسی اور اہلیہ نے آن لائن رشتہ ایپ لانچ کر دی
03-25-2026
(ویب ڈیسک)پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی اور ان کی اہلیہ نیمل خاور نے شادی کے عمل کو جدید اور محفوظ بنانے کے لیے ایک نئی رشتہ ایپ متعارف کرا دی ہے۔
انسٹاگرام پر ویڈیو کے ذریعے انہوں نے اس ایپ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایپ خاص طور پر اُن افراد کے لیے تیار کی گئی ہے جو اسلامی اقدار کے مطابق اپنی زندگی کے ساتھی کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔ حمزہ علی عباسی کے مطابق یہ ایپ روایتی رشتہ تلاش کرنے کے طریقوں سے مختلف ہے، کیونکہ اس میں نہ صرف ڈیجیٹل میچ میکنگ کی سہولت موجود ہے بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں اس کے زمینی دفاتر بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت یہ دفاتر برطانیہ، ناروے، پیرس، ڈنمارک اور لاہور میں فعال ہیں، جبکہ مستقبل میں کراچی، شمالی امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ میں بھی دفاتر قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صرف رشتہ تلاش کرنے تک محدود نہیں بلکہ شادی سے قبل اور بعد کے مشاورتی سیشنز بھی فراہم کرتی ہے، تاکہ جوڑے ممکنہ چیلنجز کا مؤثر اور محفوظ حل تلاش کر سکیں۔ حمزہ علی عباسی نے مزید بتایا کہ ایپ میں تفصیلی بایو ڈیٹا سسٹم موجود ہے، جس کے تحت مقامی نمائندے فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کرتے ہیں۔ ساتھ ہی، ماہرِ نفسیات اور تھیراپسٹس بھی موجود ہیں جو شادی کے دوران یا بعد میں پیش آنے والے مسائل میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس ایپ کو ایک جامع، محفوظ اور قابلِ اعتماد حل قرار دیا جو شادی کے ہر مرحلے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور دونوں پر دستیاب ہے۔