پاکستان سپر لیگ 11 کا میلہ سجنے میں صرف ایک روز باقی

03-25-2026

(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا میلہ سجنے میں صرف ایک روز باقی رہ گیا۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 2026 کا افتتاحی میچ کل قذافی سٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ سے قبل ہونے والی افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے اور میچ بغیر تماشائیوں کے کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے خطے کی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی کی تھی، پرانے شیڈول میں 44 میچز 6 مختلف شہروں میں کھیلے جانے تھے جبکہ اب 22 میچز کراچی اور 22 کی میزبانی لاہور کرے گا۔ دو روز قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بن کر سامنے آئے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اب تک لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3،3 بار جبکہ پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔