کشمیری بہنیں ظلم کے سامنے مزاحمت کی علامت، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، حافظ نعیم الرحمان
03-25-2026
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری خواتین کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے قید کشمیری خواتین غاصب بھارتی حکومت کے سامنے مزاحمت کی علامت ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی عدالت نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو تین مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے، جبکہ ان کی قریبی ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور صوفی فہمیدہ کو 30، 30 سال کی قید کی سزا دی گئی ہے، حافظ نعیم الرحمان نے اس عمل کو انصاف کا قتل قرار دیا اور کہا کہ یہ ظلم ناقابل قبول ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو کشمیری عوام کے حق میں زیادہ فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے وعدوں پر انحصار کرنے کے بجائے مقبوضہ وادی کے مقدمے کو عالمی سطح پر مضبوط انداز میں لڑنا چاہئے۔ حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ کشمیری بہنوں کی قربانیاں اور ان کی مزاحمت عالمی برادری کے سامنے بھارت کے غیر انسانی رویے کو بے نقاب کرتی ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔