پنجاب میں سرکاری سکولوں کی انرولمنٹ، نئے داخلوں کے اہداف مقرر
03-25-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں سرکاری سکولوں میں داخلوں کو بڑھانے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر انرولمنٹ ڈرائیو کا آغاز کر دیا گیا۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تعلیمی سال 2026-27 کیلئے تمام سرکاری سکولوں کو داخلوں کے مقررہ اہداف حاصل کرنا ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر سکول کیلئے اس کی موجودہ طلبہ تعداد کے مطابق الگ الگ ٹارگٹس طے کئے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاہم آؤٹ آف سکول بچوں کے داخلوں کے حوالے سے 10 فیصد رعایت دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لایا جا سکے۔ تمام سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ انرولمنٹ مہم کو بھرپور انداز میں چلایا جائے، اس سلسلے میں ضلعی سطح پر افتتاحی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ کمیونٹی موبلائزیشن اور آگاہی مہم کے ذریعے والدین کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔