سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ نہ تھم سکا
03-25-2026
(لاہور نیوز) شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ سرکاری نرخ اور اوپن مارکیٹ کے ریٹس کے درمیان واضح فرق برقرار ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق نیا کچا آلو درجہ اول سرکاری قیمت 20 روپے کے بجائے 40 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح پیاز 60 روپے کے بجائے 80 روپے، جبکہ ٹماٹر 60 روپے کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 80 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ دیگر سبزیوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں کریلا 150 روپے کے بجائے 190 روپے، مٹر 40 روپے کے بجائے 100 روپے اور شملہ مرچ 85 روپے کے بجائے 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ سبز مرچ 110 روپے کے بجائے 150 روپے جبکہ بند گوبھی 50 روپے کی بجائے 70 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق سبزیاں دستیاب نہیں ہوتیں، جس کے باعث وہ مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ مجموعی طور پر سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ کیا جا رہا ہے۔ پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں مختلف اقسام کے پھل 50 روپے تک اضافے کے ساتھ فروخت کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم ہو۔