تعلیمی اداروں میں مسلسل تعطیلات، پرائیویٹ سکولوں کا بڑا مطالبہ سامنے آگیا
03-25-2026
(لاہور نیوز)صوبہ بھر کے سکولوں اور کالجز میں مسلسل تعطیلات کے باعث طلبہ کی پڑھائی متاثر ہونے لگی، نہم اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کی تیاری میں اساتذہ اور طلبہ دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پرائیویٹ سکولز نے آئندہ سال کے بورڈ امتحانات کے شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ صدر سرونگ سکولز ایسوسی ایشن رضاء الرحمن کے مطابق چھٹیوں کے باعث طلبہ کا کورس مکمل کروانا مشکل ہو گیا ہے اور اکیڈمک کیلنڈر پہلے ہی 130 دنوں تک محدود ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے میں 3 سے 4 دن سکول کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ طلبہ اپنی پڑھائی مکمل کر سکیں۔ صدر سرونگ سکولز ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ پنجاب میں کئی سالوں سے اکیڈمک کیلنڈر مکمل نہیں ہو سکا اور اس کی وجہ سے تعلیمی معیار متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے انٹرنیٹ کی محدود سہولیات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ملک میں صرف 15 سے 20 فیصد طلبہ کے پاس آن لائن تعلیم تک رسائی موجود ہے، جس کے باعث آن لائن تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔