برطانوی پارلیمنٹ میں راحت فتح علی کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا گیا

03-25-2026

(ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان خان کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی ایوارڈز سے نواز دیا گیا۔

تقریب میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ طارق احمد، محمد یاسین اور افضل خان سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی، اس پروقار تقریب کا اہتمام پاکستانی اور بنگلہ دیشی موسیقار جوڑے کاشف راجہ اور ربائیت جہان نے کیا تھا۔ قبل ازیں راحت فتح علی خان اور شاہ زمان خان نے اتوار کے روز لندن کے تاریخی مقام رائل البرٹ ہال میں شاندار پرفارمنس پیش کی، جہاں انہوں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ اس موقع پر راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ کامیابی ان کے والدین کی دعاؤں اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جلد ہی بنگالی زبان میں اپنا نیا گانا بھی ریلیز کرنے جا رہے ہیں، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔