جلد پاکستان آ کر موسم سے ہم آہنگ ہو گیا، کراؤڈ کے بغیر مزہ نہیں آتا: سکندر رضا
03-25-2026
(ویب ڈیسک)لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر سکندر رضا کا کہنا ہے کہ وہ بروقت پاکستان آ گئے جس کی وجہ سے یہاں کے موسم سے ہم آہنگ ہونے میں آسانی رہی، تاہم انہیں اتنی سردی کی توقع نہیں تھی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر رضا نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ حالات جلد معمول پر آئیں اور سٹیڈیمز میں شائقین کی واپسی ہو، کیونکہ کراؤڈ کے بغیر میچز کا لطف ادھورا رہ جاتا ہے۔ انہوں نے ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ چند کھلاڑی سکواڈ سے باہر ہوئے ہیں، لیکن ان کی جگہ ایسے کھلاڑی شامل کئے گئے ہیں جن پر ٹیم کی نظر پہلے سے تھی، لاہور قلندرز کی بینچ سٹرینتھ مضبوط ہے جو ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ سکندر رضا نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ماضی میں بھی ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر چکی ہے اور اس بار بھی وہ پرعزم ہیں کہ ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کا لاہور قلندرز کے ساتھ تعلق بہت گہرا ہے، "میں لاہور قلندرز ہوں اور لاہور قلندرز میں ہوں"، انہوں نے کہا کہ وہ محنت اور پروفیشنل ازم پر یقین رکھتے ہیں۔