74 سالہ پاکستانی نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

03-24-2026

(ویب ڈیسک) 74 سالہ پاکستانی نسیم الدین نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے رہائشی معمر ترین ویلڈر کا تیسرا عالمی ریکارڈ منظور کرلیا، نسیم الدین نےہاتھ میں انڈا پکڑ کر 38 ماربل ٹائلز کو توڑ ڈالا، اس سے پہلے یہ ریکارڈ 30 ماربل ٹائلز توڑنے کا تھا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے نئے ریکارڈ کی تصدیق کی ای میل موصول ہوگئی ہے جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی آفیشل ویب سائیٹ پر بھی اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ نسیم الدین اس سے قبل اپنے مکے کی مدد سے 163 اخروٹ توڑنے کا عالمی ریکارڈ بھی بنا چکے ہیں جبکہ ایک ہاتھ کی مدد سے سیب کچلنے کا عالمی ریکارڈ بھی نسیم الدین کے پاس ہے، نسیم الدین کی پوتی، پوتا، بیٹا اور بہو بھی پاکستان کے لیے عالمی ریکارڈز قائم کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ نسیم الدین پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے راشد نسیم کے والد ہیں، نسیم الدین نے اپنا ریکارڈ پاکستان آرمی کے نام کرتے ہوئے کہا کہ میرا ریکارڈ تمام ہم وطنوں کے لیے ہے جو ملک سے محبت کرتے ہیں۔ 74 سال کی عمر میں پاکستان کے لیے عالمی ریکارڈ بنا کر پوری دنیا میں پاکستان کا نام بلند کیا ہے، مجھے فخر ہے کہ میں اور میرے اہل خانہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔