شاعرِ عوام حبیب جالب کا آج 98واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے
03-24-2026
(لاہور نیوز) ہر دور کے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے والے شاعرِ عوام حبیب جالب کا آج 98واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔
نامور انقلابی شاعر حبیب جالب 24 مارچ 1928ء کو ہوشیار پور مشرقی پنجاب میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام حبیب احمد تھا، پاکستان بنا تو کراچی اور پھر لاہور چلے آئے۔ ابتدا میں جالب جگر مرادآبادی کی طرز پر رومانوی غزلیں کہتے تھے مگر جب معاشرے میں جبر و استحصال دیکھا تو اس کے خلاف آواز اٹھانے لگے، حبیب جالب کے بے باک قلم نے ظلم، زیادتی اور نا انصافی کے حوالے سے جو شعر بھی کہا وہ زبان زدِ عام ہوا۔ جالب نے صدر ایوب کے خلاف محترمہ فاطمہ جناح کی صدارتی مہم میں بھی فعال کردار ادا کیا، فیض احمد فیض جیسے شاعر بھی حبیب جالب کو عوامی شاعر کہتے تھے۔ جالب کے شعری مجموعوں میں برگ آوارہ، سر مقتل، عہد ستم، حرف حق، ذکر بہتے خون کا، عہد سزا، گنبد بے در، گوشے میں قفس کے، حرف سر دار اور چاروں جانب سناٹا شامل ہیں۔ حبیب جالب نے یہ امن، پرائی آگ، ناگ منی، خاموش رہو، شام ڈھلے، ماں بہو بیٹا، بے رحم اور کون کسی کا جیسی کئی فلموں کیلئے گیت بھی لکھے مگر فلم زرقا کیلئے ان کے گیت کو خوب پذیرائی ملی۔ انسانی ضمیر کو جھنجھوڑتی شاعری کی صورت میں حبیب جالب آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔